(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) غاصب صیہونی افواج نے محصور شہر غزہ پر دہشتگردی کا سلسلہ ساتویں روز بھی جاری رکھاہوا ہے، جس کے دوران درجنوں فضائی حملے اور میزائل داغے گئے۔ جنگی طیاروں نے خان یونس اور رفح میں متعدد حملے کیے، جن میں بے گھر افراد کے خیموں پر بمباری بھی شامل تھی، جس کے نتیجے میں کئی فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے۔
غزہ میں صیہونی دہشتگردی سے عام شہری شدید متاثر ہورہے ہیں۔ خان یونس کے المواصی علاقے میں بے گھر افراد کے خیموں پر بمباری سے پانچ افراد شہید ہوئے، جب کہ وسطی غزہ کے نصیرات کیمپ میں ایک اسکول پر حملے کے نتیجے میں تین افراد، جن میں ایک بچہ بھی شامل تھا، شہید ہوگئے۔
غاصب صیہونی فوج نے رفح میں انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس کے ہیڈکوارٹر اور غزہ کے مختلف علاقوں میں کئی گھروں اور خیموں پر بمباری کی۔ اسی دوران، خان یونس میں اسرائیلی گولہ باری کے نتیجے میں ایک بچہ شہید ہوا، اور شجاعیہ محلے میں گولہ باری کے باعث مزید افراد زخمی ہوئے۔
غزہ کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فضائی حملوں اور گولہ باری سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے، اور اسرائیلی فورسز کے حملوں میں ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔