(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) مقبوضہ فلسطین کے انتہائی گنجان آباد محصور شہر میں آتشزدگی کے بعد فائربریگیڈ کو پہنچنے میں ایک گھنٹے سے زیادہ وقت لگا جس سے آگ میں پھنسے ہوئے لوگوں کو بچانے میں تاخیر ہوئی۔
غیر قانونی صہیونی ریاست اسرائیل کی جانب سے جاری پندرہ سالوں پر مشتمل غیر قانونی محاصرہ غزہ میں ایک اور سانحے کا سبب بن گیا ہے ، گذشتہ روز غزہ کے وسطی علاقے جبالیہ پناہ گزین کیمپ کی ایک چار منزلہ عمارت میں آگ بھڑک اٹھی جس کی زد میں آکر ابو رایا خاندان کے سات بچوں سمیت اکیس افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہیں تاہم خیال ظاہر کیا جارہا ہے سردیوں کے موسم میں آگ جلانے کےلئے لکڑیاں جمع کی گئیں تھی جس میں آتشزدگی ہوئی ۔
جھلس کر جاں بحق ہونے والے 21 افراد میں سے 18 افراد کی آج تدفین کردی گئی ، حماس کی جانب سے تدفین کے تمام اخراجات اور انتظامات کئے گئے جبکہ جاں بحق ہونے والوں کو فلسطین کے پرچم میں لیپٹ کر دفن کیا گیا۔