(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 7 اکتوبر کو جماعت اسلامی کے اسرائیل مخالف احتجاج میں شرکت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے خواتین اور بچوں کو شہید کیا جارہا ہے، ایسی صورتحال میں پورے پاکستان کو ایک پیج پر ہونا چاہیے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے لئےامیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن زرداری ہاؤس آئے اور بلاول بھٹو زرداری کو فلسطین مارچ میں شرکت کی دعوت دی، ملاقات کے دوران مشرق وسطی میں قیام امن سمیت خطے کی حالیہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ جماعت اسلامی اور پیپلزپارتی کےرہنماؤں کی ملاقات ہوئی ہے جس میں اس وقت دنیا کا سب اہم مسئلہ اسرائیلی جارحیت ہے، اس کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے خواتین اور بچوں کو شہید کیا جارہا ہے، مسلمان دنیا میں کہیں بھی ہیں ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطین کی صورتحال پر پورے پاکستان کو ایک پیج پر ہوناچاہیے، 7 اکتوبر کو جماعت اسلامی کےاحتجاج میں شریک ہوں گے، اسرائیل جو کچھ کر رہا ہےاس پر دنیا میں کسی کو فرق نہیں پڑھ رہا، فلسطین اور لبنان کے بعد ایران کی طرف جنگ بڑھتی جارہی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ مسلمانوں کی زمین پر قبضے کےلیے اسرائیل نے سازش کی، مسلمانوں کی سر زمین پر قبضے کیلئے اسرائیل نے مہم شروع کی، فلسطین پر اسرائیل قبضہ کرنا چاہتا ہے، 7 اکتوبر کا بہانہ بنا کر وہ گریٹر اسرائیل کے نظریے کی طرف بڑھنا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے پاکستان کے عوام ان کے سامنے کھڑے ہوجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو عالمی حقوق کی پرواہ نہیں ہے، موبائل فونز کو پیجر میں تبدیل کرکے پھاڑا جارہا ہے، سیاسی قیادت کو ایران میں شہید کیا گیا۔