یورپی ممالک کی جانب سے پانچ سال سے اسرائیلی محاصرے میں گھرے اہل غزہ کی امداد کا سلسلہ جاری ہے اور اس ضمن میں یورپ سے ’’میلوں مسکراہٹ‘‘کے نام سے نواں قافلہ مصر کی رفح کراسنگ عبور کر کے غزہ داخل ہو گیا۔ فلسطینی حکام نے قافلے کے شرکاء کا غزہ کی سرحد پر پرتپاک استقبال کیا۔
قافلے کے ہمراہ مختلف ممالک کے رضا کار اپنے ہمراہ دو کروڑ ستر لاکھ ڈالرز مالیت کا امدادی سامان بھی لیکر غزہ پہنچے ہیں۔ قبل ازیں ’’میلوں مسکراہٹیں ۔ 8‘‘ چودہ جنوری کو غزہ پہنچا تھا۔ اس قافلے کے ہمراہ یورپی اور عرب ممالک کے اڑتالیس رضا کار غزہ آئے تھے۔ یہ قافلہ بھی اپنے ہمراہ دوائیاں، طبی امدادی سامان کی بڑی مقدار اور بجلی سے چلنے والے 120 اسکوٹر لیکر غزہ پہنچا تھا۔