(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے چھاپہ مار کارروائیوں کا سلسلہ جاری،پیر کے روز فلسطین کے مختلف علاقوں میں چھاپوں کے دوران 19 فلسطینی شہریوں کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بھی اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے اور بیت المقدس میں چھاپوں کا سلسلہ جاری رکھا اور چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے 19 فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے گرفتار کر لیا جں میں بزرگ ،نوجوان لڑکے اور لڑکیاں بھی شامل ہیں،بعد ازاں گرفتار شدگان کو حراستی مراکز منتقل کردیا گیا۔
اسرائیلی فوج کے دعوے کےمطابق غرب اردن میں کارروائی کے دوران 9 فلسطینی گرفتار کیے گئے ہیں۔
فوج نےیہ بھی دعوی کیا ہے کہ گرفتار شدگان مطلوبہ افراد کی فہرست میں شامل تھے۔
اسرائیلی فوج نے غرب اردن کے جنوبی شہر بیت لحم میں ام سلمونہ کے مقام پر تلاشی کے دوران اسلحہ قبضے میں لینے کا بھی دعویٰکیا ہے۔
بیت الحم میں اسرائیلی فوج پر پیڑول بم پھینکے جانے کے الزام میں متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
بیت لحم کے مغربی علاقے بیت جالا اور کریمزان میں بھی فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کےدرمیان جھڑپیں ہوئیں۔ اس دوران اسرائیلی فوجیوں نے ھانی فرسان بشارات اورلیث عصام عواد کو ایک گاڑی سے اتار کر حراست میں لے لیا۔ مشرقی بیت لحم میں ایک کارروائی کے دوران اسرائیلی فوجیوں نے 25 سالہ شروق محمد موسیٰ البدن اور 17 سالہ روان ابو سنینہ کو حراست میں لے لیا۔
بیت المقدس میں فلسطینی اسیران کمیٹی کے چیرمین نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے سابق اسیران احمد غزالہ، عمیرہ عمیرہ، عبیدہ عمیرہ، محمد ابراہیم دویات، محمد ماھر الکرکی اور مامون الرازم کو حراست میں لے لیا۔