(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) غزہ میں قابض اسرائیل کی جاری نسل کشی کے دوران صحافی برادری پر ایک اور قیامت ٹوٹ پڑی، جب پیر کے روز غزہ کی سرکاری میڈیا آفس نے اعلان کیا کہ شہید ہونے والے صحافیوں کی تعداد بڑھ کردو سو اڑتیس ہو گئی ہے۔ یہ اضافہ صحافی محمد الخالدی کی شہادت کے بعد ہوا، جو گزشتہ روز غزہ شہر میں ہسپتال الشفاء کے احاطے میں صحافیوں کے خیمے پر ہونے والے وحشیانہ فضائی حملے میں شہید ہوئے۔
بیان کے مطابق محمد الخالدی صحافتی پلیٹ فارم "منصہ ساحات” سے وابستہ تھے اور وہ اس مجرمانہ حملے میں شہید ہونے والے چھٹے صحافی ہیں۔ اس حملے میں ان سے قبل الجزیرہ کے نمائندے انس الشریف اور محمد قریقع، فوٹو جرنلسٹ ابراہیم ظاہر اور مؤمن علیوہ، اور ان کے معاون محمد نوفل بھی شہید ہو چکے ہیں۔
میڈیا آفس نے عالمی برادری، بین الاقوامی اداروں اور صحافتی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ قابض اسرائیل کے ان جرائم کی کھل کر مذمت کریں، اس کا محاسبہ کریں اور مجرموں کو عالمی عدالتوں میں انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔ ادارے نے اس نسل کشی کو روکنے، صحافیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے اور انہیں قتل و اغوا سے بچانے کے لیے فوری اور مؤثر دباؤ ڈالنے پر زور دیا۔