(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) آدھی رات کے بعد غزہ کی فضا ایک بار پھر صہیونی درندگی سے لرز اٹھی جب قابض اسرائیل کے جنگی طیاروں نے شہر کے جنوبی حصے پر شدید بمباری کی۔ اس وحشیانہ کارروائی میں دشمن کے طیاروں نے چند ہی منٹوں میں بیس سے زائد مہلک میزائل داغ کر جنوب میں موت اور تباہی کی ایک خوفناک لہر دوڑا دی۔
مقامی ذرائع کے مطابق یہ بمباری المصلبہ اور دولہ کے علاقے سے لے کر مسجد علی کے اطراف اور مزید جنوب کی سمت تک پھیلے وسیع علاقے پر کی گئی۔ ہمارے نامہ نگار نے بتایا کہ زیادہ تر حملے شارع نمبر 8 کے علاقے پر مرکوز تھے، جہاں دھماکوں کی گھن گرج اور آگ کے شعلوں نے رات کو قیامت خیز منظر میں بدل دیا۔
یہ جارحانہ کارروائیاں ایسے وقت میں کی جا رہی ہیں جب قابض اسرائیل مسلسل غزہ شہر پر بڑے پیمانے پر حملے کی دھمکیاں دے رہا ہے، جس کا مقصد نہ صرف مکمل قبضہ ہے بلکہ شہریوں کو زبردستی ان کے گھروں سے بے دخل کر کے نسلی صفایا مکمل کرنا بھی ہے۔ غزہ کے عوام اس وقت نہ صرف بمباری بلکہ اجتماعی سزاء اور ممکنہ بڑے قتل عام کے دہانے پر کھڑے ہیں۔