(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) قابض صہیونی فوج کی درندگی تھمنے کا نام نہیں لے رہی۔ منگل کی شب قابض صہیونی جنگی طیاروں نے غزہ شہر کے مغربی حصے میں واقع مچھلی بندرگاہ کے قریب ایک خیمہ بستی کو نشانہ بنایا جس میں بے گھر فلسطینی خاندان پناہ لیے ہوئے تھے۔
اس ظالمانہ بمباری کے نتیجے میں کم از کم سات فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔ عینی شاہدین اور مقامی ذرائع کے مطابق حملہ اُس خیمہ بستی پر کیا گیا جہاں دربدر ہونے والے شہری پناہ لیے ہوئے تھے۔
شہداء میں ایک ہی خاندان کے کئی افراد شامل ہیں جن کی شناخت جابر عید العجرمی، زاہر احمد العجرمی، سعاد محمد ابو عودہ، یاسر عدنان ابو عودہ اور ان کے تین بچے احمد، عمار اور میار کے ناموں سے ہوئی ہے۔ شہداء اور زخمیوں کو فوری طور پر غزہ کے سب سے بڑے ہسپتال، الشفاء میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا، جہاں کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
فلسطینی محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ منگل کی صبح سے اب تک قابض صہیونی فضائیہ کے ہوائی حملوں میں کم از کم اکتھر(71) عام شہری شہید ہو چکے ہیں، جب کہ درجنوں زخمی ہیں۔ غزہ کی پٹی پر مسلسل بمباری صہیونی فوج کی جانب سے جاری فلسطینیوں نسل کشی کا تسلسل ہے جو رُکنے کا نام نہیں لے رہی۔