غزہ میڈیکل و ایمرجنسی شعبے کے ذرائع نے مرکزاطلاعات فلسطین کو بتایا ہے کہ شہداء میں سات بچے اور ایک خاتون بھی شامل ہے۔ اس کےعلاوہ دو معمر افراد بھی صہیونی جارحیت کی بھینٹ چڑ چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب قابض صہیونی فوج نے بیت حانون کے مقام پر ایک گھر پر میزائل داغے جن کے نتیجے میں کم سے کم تین افراد شہید ہو گئے۔
فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے پی آئی سی کو بتایا کہ صہیونی جنگی طیاروں نے بیت حانون میں ایک گھر پر بمباری کی، جس کے نتیجے میں ایک نو سالہ بچہ فارس البیسونی، سولہ سالہ عدی جمال ناصر اور اس کے چھوٹے بھائی چودہ سالہ طارق جمال ناصر شہید ہو گئے جبکہ بچوں کے والد محمد ناصر شدید زخمی ہوئے ہیں۔
قبل ازیں جمعرات کی شام صہیونی فوج کی جارحیت کے نتیجے میں شدید زخمی شیر خوار حنین طافش جس کی عمر دس ماہ بتائی جاتی ہے، اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی تھی۔
یاد رہے کہ قابض صہیونی فوج نے غزہ کی پٹی پرتازہ جارحیت بدھ کے روز شروع کی تھی جس میں پہلا حملہ القسام بریگیڈ کے کمانڈر احمد الجعبری کی کار پر گیا گیا تھا جس میں الجعبری اپنے ایک ساتھی سمیت شہید ہو گئے تھے۔ اس کے بعد صہیونی جارحیت کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔