عرب اور اسلامی ممالک کی جانب سے‘‘میلوں مسکراہٹ’’ کے نام سے فلسطینیوں کی امدادی مہم کے تحت چلائے جانے والے 16 قافلے کے شرکاء ہفتے کے روز مصر کے راستے غزہ کی پٹی میں پہنچے جہاں عوامی اور حکومتی حلقوں کی جانب سے ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق قافلے کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر عصام یوسف نے رفح بارڈر سے غزہ کی پٹی میں داخلے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اس قافلے میں 38 امدادی کارکن مصر، اردن، بحرین ،لبنان اور جنوبی فریقہ سے شامل ہیں۔ امدادی قافلے میں دو ملین ڈالرز کی ادویہ جو تمام کی تمام مصر سے خریدی گئیں ساتھ لائی گئی ہیں۔
ادھر غزہ کی پٹی میں وزیر برائے سماجی امور احمد الکرد نے قافلے کے شرکاء سے ملاقات کے بعد ان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عرب اور اسلامی ملکوں ک طرف سے امدادی قافلوں کی آمد اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا کو غزہ کے محصورین کی مشکلات کا بخوبی اندازہ و احساس ہے۔ انہوں نے امداد بھیجنے اور قافلوں کا اہتمام کرنے والے ممالک کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ امدادی قافلوں کا سلسلہ بدستور جاری رکھا جائے گا۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین