فلسطینی شہر غزہ کی پٹی پر صہیونی فوج کی ریاستی دہشت گردی اور حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق صہیونی فوج کے جنگی طیاروں
سے غزہ کے وسط میں کیے گئے حملوں میں کم سے کم ایک شہری شہید اور دس زخمی ہو گئے ہیں۔ حملوں میں غزہ کے مغربی سمت میں النصر کالونی میں مزاحمت کاروں کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان ناصر القدرہ نے بتایا کہ صہیونی فوج کے جنگی طیاروں کا داغا گیا گولہ النصر کالونی میں سڑک پر چلتے ایک موٹر سوار کے قریب گر کر پھٹا جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار شہری شہید اور جائے وقوعہ کےقریب موجود دس افراد زخمی ہو گئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کے اتوار کو علی الصباح کیے گئے حملے میں النصر کالونی میں ایک مکان کی دیوار منہدم ہونے سے دس افراد زخمی ہوئے ہیں۔ جبکہ شہید ہونے والے شخص کی شناخت اسامہ محمود علی العضہ کے نام سے ہوئی ہے جو ناصر صلاح الدین بریگیڈ کا رکن بتایا جاتا ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین