(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی وزارتِ داخلہ نے قابض اسرائیل کے اس مجرمانہ منصوبے پر سخت انتباہ جاری کیا ہے جس کے تحت غزہ شہر کا مکمل محاصرہ کرنے، اس پر دوبارہ فوجی حملہ کرنے اور لاکھوں شہریوں کو جبری طور پر بے دخل کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ وزارت ِداخلہ نے اس سازش کو ایک عظیم انسانی المیے سے تعبیر کیا ہے جس سے شہر کے تقریباً بارہ لاکھ مقامی اور بے گھر فلسطینی متاثر ہوں گے۔
وزارتِ داخلہ نے اپنے ایک بیان میں واضح کیا کہ یہ منصوبہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب فلسطینی عوام غزہ کی تمام گورنریوں میں قیامت خیز حالات سے دوچار ہیں۔ شہری تنگ و تاریک علاقوں میں محصور ہیں جہاں زندگی کی بنیادی سہولیات تک میسر نہیں اور وہ روزانہ قتل و غارت اور اجتماعی قتلِ عام کے نہ ختم ہونے والے سلسلے کا سامنا کر رہے ہیں۔
وزارت ِداخلہ نے عالمی برادری اور تمام متعلقہ اداروں سے فوری اپیل کی ہے کہ وہ قابض اسرائیل پر دباؤ ڈالنے کے لیے عملی اور مؤثر اقدامات کریں تاکہ غزہ کے باقی ماندہ شہریوں کو بربریت پر مبنی ان مجرمانہ منصوبوں سے بچایا جا سکے۔