فلسطینی یوتھ موومنٹ، ملائشیا کے اراکین نے ملائشیا کے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد کے ساتھ ایک ملاقات کی ہے ملائشین دارالحکومت کوالا لمپور میں ہونے والی اس ملاقات میں ملائشیا کو ایشین ٹائیگرز کی صف میں لانے والے لیڈر ڈاکٹر مہاتیر محمد نے غزہ کا دورہ کرنے کی حامی بھر لی ہے۔
ملائشیا میں سرگرم فلسطینی یوتھ موومنٹ کے ڈپٹی چیئرمین یسری الغول نے تصدیق کی ہے کہ ڈاکٹر مہاتیر محمد نے ایک طویل ملاقات کے دوران غزہ کا دورہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ملاقات میں مسئلہ فلسطین کی نصرت و حمایت کرنے اور فلسطینیوں کے لیے ضروریات انسانی کی بنیادی اشیاء کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
ڈاکٹر مہاتیر محمد نے عالم عرب اور عالم اسلام کو درپیش مسائل پر سیرحاصل گفتگو کی انہوں نے فلسطینی قوم کے حقوق کے تحفظ اور تمام ممکنہ وسائل کے ذریعے ان کی مدد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے فلسطینی یوتھ موومنٹ کو اپنی تحریک کے لیے جدید ذرائع ابلاغ کو استعمال کرنے کی ترغیب دی اور کہا کہ 1948ء کے یوم نکبہ سے لیکر اب تک فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم کو دنیا کے سامنے پیش کیا جائے اور مظلوم قوم کے حقوق کی اس جنگ کے لیے تمام جدید اسالیب کو یقینی بنایا جائے۔
کئی گھنٹے جاری رہنے والی اس ملاقات میں ڈاکٹر مہاتیر محمد نے ملائشیا میں آنے والے معاشی انقلاب کے اپنے تجربے سے آگاہ کیا۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین