ملائشیا کے وزیر اعظم محمد نجیب عبد الرزاق رفح کراسنگ عبور کر کے غزہ پہنچ گئے ۔ منگل کی صبح غزہ آنے والے نجیب وزیر اعظم کے ہمراہ ملائشیا کے اعلی عہدیدار بھی اہل غزہ کے ساتھ اظہار یک جہتی کے اس دورے میں شریک ہیں۔
فلسطینی وزیر اعظم اسماعیل ھنیہ ، وزراء اور دیگر اراکین پارلیمان نے ملائشین وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ رفح کراسنگ پر اسماعیل ھنیہ اور عبد الرزاق کو گارڈز نے سلامی دی۔ اس موقع پر قومی ترانہ بھی پڑھا گیا۔
ملائشین وزیر اعظم اور ان کے ہمراہ وفد چند گھنٹے غزہ میں گزارے گا، اس دوران نجیب عبد الرزاق غزہ کے وزراء اور گزشتہ دنوں اسرائیل کی غزہ پر آٹھ روزہ غارت گری میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے ملاقات کرینگے۔
ملائشین وزیر اعظم کے ساتھ الاقصی یونیورسٹی میں فلسطینی دانشور، اساتذہ اور دیگر معروف شخصیات کی ایک نشست کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ نجیب عبد الرزاق اپنے اس مختصر دورے کے دوران غزہ میں ملائشین فنڈ سے ایک انڈسٹری اسکول کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین