فلسطینی شہرغزہ کی پٹی میں سنہ 2008ء کے آخر میں مسلط کردہ جنگ کے چار سال مکمل ہونے پر وزارت داخلہ نے نئے ایف ایم ریڈیو کی نشریات پیش کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ میں وزارت داخلہ نئے ایف ایم چینل کی نشریات کے آغاز کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ غزہ وزارت داخلہ کی جانب سے نئے ایف ایم ریڈیو سروس کا آغاز فلسطینی عوام کی جانب سے اطلاعات و نشریات کے میدان میں ایک قدم اور آگے بڑھنے کا اعلان ہے۔ حکومت کے اس نئے اقدام کا مقصد صہیونی دشمن کو بھی یہ پیغام دینا ہے کہ غزہ کو پتھر کے دور میں دھکیلنے کے صہیونی خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتے۔ ادھر فلسطینی وزارت داخلہ کے ایک عہدیدارکا کہنا ہے کہ نئے ایف ایم چینل کی آزمائشی نشریات کا آغاز جمعرات کو القدس کے معیاری وقت 11:25 دن کیا جائے گا۔ آزمائشی نشریات کے بعد باضابطہ طورپر نشریات میں چار سال قبل غزہ پر اسی مہینے میں مسلط کردہ جنگ کے بارے میں خصوصی نشریات شامل کی جائیں گی۔
وزارت داخلہ کے حکام کا کہنا ہے کہ ستائیس دسمبر کو ایف ایم ریڈیو کی نشریات شروع کرنے کا مقصد چار سال قبل اس معرکہ فرقان کی یاد تازہ کرنا ہے جس کا آغاز ستائیس دسمبر سنہ 2008ء کو ہوا تھا۔ اس لڑائی میں فلسطینی مجاہدین نے جس جرات اور جانثاری سے دشمن کی رعونت اور طاقت کا جواب دیا اسے ہمیشہ فلسطینی تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔
خیال رہے کہ اسرائییل نے غزہ کی پٹی پر چار سال پیشتر27 دسمبر کو جارحیت کا آغاز کیا تھا۔ اسرائیل نے اس جنگ کو’’لیڈ کاسٹ آپریشن‘‘ کا نام دیا تھا جبکہ فلسطینی اسے معرکہ فرقان کے نام سے یاد کرتے ہیں۔ اس جنگ میں ڈیڑھ ہزار فلسطینی شہید اور پانچ ہزار سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین