عرب ممالک کےاراکین پارلیمان کی مشترکہ تنظیم”عرب پارلیمنٹ” نے فلسطین کے محصور شہر غزہ کی پٹی کے لیے نئے امدادی قافلے روانہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں پہلا قافلہ آئندہ سال فروری میں غزہ کے لیے امدادی سامان لے کر جائے گا۔
قاہرہ میں عرب پارلیمنٹ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی کے محصورین کی مدد کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ یہ کمیٹی ابتدائی طور پر ایک امدادی قافلہ تیار کرے گی جسے فروری میں غزہ بھیجا جائے گا۔ امدادی قافلے میں غزہ کے یتیم بچوں اور بیواؤں کے لیے امدادی سامان کے علاوہ ادویات اور غریب شہریوں کے لیے بھی اشیائے خورونوش ارسال کی جائیں گی۔
بیان میں کہا گیا کہ عرب پارلیمنٹ غزہ کی پٹی میں غریب اور نادار شہریوں کی مدد کے علاوہ وہاں پر اسرائیلی حملوں میں تباہ ہونے والے مکانات، اسکولوں اور اسپتالوں کی تعمیرمیں بھی مدد فراہم کرے گی۔
عرب پارلیمنٹ نے تمام عرب ممالک اوراسلامی ممالک سے اپیل کی کہ وہ محصورین غزہ کے لیے دل کھول کر امداد دیں تاکہ شہر میں اسرائیل کی مسلط کردہ معاشی ناکہ بندی کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔