مصرکی پیپلز اسمبلی کا ایک اعلیٰ سطح کا وفد بدھ کے روز محصورین غزہ سے اظہار یکجہتی کے لیے غزہ کی پٹی میں پہنچا ہے۔ مصرمیں ایک سال پیشتر برپا ہونے والے انقلاب اور اس کی کوکھ سے جنم لینے والی اسمبلی کا یہ پہلا وفد ہے جس نے غزہ کا دورہ کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مصر کا پارلیمانی وفد پارلیمنٹ میں عرب امور سے متعلق کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر محمد ادریس کی سربراہی میں رفح کے راستےغزہ داخل ہوا جہاں فلسطینی مجلس قانون ساز کے قائم مقام اسپیکر ڈاکٹر بحر اور فلسطینی وزراء نے ان کا استقبال کیا۔
غزہ آمد پرمصری وفد کے سربراہ ڈاکٹر محمد ادریس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے غزہ کی پٹی میں پانچ سال سے جاری معاشی ناکہ بندی کی شدید مذمت کی اور اس کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ غزہ کی پٹی میں اس لیےآئے ہیں تاکہ یہاں کے لوگوں کی مشکلات کے بارے میں آگاہی حاصل کرنے کے بعد ان مشکلات کے حل کے لیے کوئی منصوبہ بندی کر سکیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مصری پارلیمنٹ غزہ کی پٹی کو ایندھن، بجلی اوردیگر تمام ضروریات کی فراہمی کے لیے تیار ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین