مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اخوان المسلمون کے قاہرہ میں دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ قابض صہیونی فوجیوں کے حالیہ دنوں میں غزہ کی پٹی پرہوئے حملے عالمی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔ جماعت ان حملوں کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے جمعہ کے روز ملک بھرمیں عوام سے فلسطینیوں اظہار ہمدردی کے لیے احتجاجی مظاہروں کی اپیل کرتی ہے۔ اس سلسلے میں جمعہ کے روز نماز جمعہ کے بعد ملک میں انقلاب کی علامت تحریر اسکوائر میں ایک بڑے عوامی اجتماع کا اہتمام کیا جائے گا جس میں لاکھوں لوگوں کو شرکت کی دعوت دی جا رہی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی پراسرائیلی حملے اور ان کے نتیجے میں ہونے والا جانی نقصان پوری عالمی برادری اور انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ عالمی برادری صہیونی جارحیت کو کسی صورت میں بھی نظرانداز نہیں کرسکتی ہے۔ بیان میں مسلم امہ اور عرب ممالک سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ غزہ کی پٹی پراسرائیلی فوج کے تازہ حملوں کا سختی سے نوٹس لیں اور مسئلہ فلسطین کے دیر پا حل کے لیے ٹھوس اور موثر حکمت عملی وضع کریں۔ اسی سلسلے میں اخوان المسلمون نے جمعہ کے روز ملک بھر میں فلسطینیوں سے ہمدردی کا دن منانے کا فیصلہ کیا ہے اور پوری قوم سے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ہونے والے پروگرامات میں شرکت کی اپیل کی جاتی ہے۔
بیان میں اسرائیل کو بھی خبردار کیا گیا کہ وہ فلسطینیوں کےخلاف جارحیت سے باز رہے ورنہ اس کے سنگین نتائج کی تمام ترذمہ داری صہیونی حکومت پرعائد ہوگی۔
خیال رہے کہ فلسطینی شہرغزہ کی پٹی میں حالیہ چند ایام میں اسرائیلی فوج کی زمینی، فضائی اور بحری یلغار کے نتیجے میں نصف درجن فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔ ان حملوں کی عالم اسلام بالخصوص عرب ممالک کی جانب سے شدید مذمت کی جا رہی ہے۔