غزہ کی مشرقی سرحد پر تعینات اسرائیلی فوجی اہلکاروں نے سرحدی علاقے میں کام کرنے والے ایک فلسطینی مزدور کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔
واقعہ غزہ شہر کے مشرقی جانب پیش آیا۔ فلسطینی میڈیکل سروسز کے ذرائع نے بتایا کہ ایک فلسطینی نوجوان غزہ کے سرحدی علاقے میں تباہ شدہ عمارتوں سے تعمیراتی میٹریل چن رہا تھا کہ سرحد پار کھڑے صہیونی اہلکاروں نے اس پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کی زد میں آکر وہ شدید زخمی ہوگیا۔
فلسطینی میڈیکل سروسز کے ترجمان ادھم ابو سلمیہ کے مطابق زخمی نوجوان کو الشفا ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ قبل ازیں اسرائیلی ٹینکوں اور فوجی گاڑیوں نے آج علی الصبح غزہ کی پٹی کے تین علاقوں پر دھاوے بولے۔ جنوبی، شمالی اور وسطی غزہ پر کی گئی اس در اندازی کے دوران فلسطینی شہریوں کی درجنوں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچایا گیا۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین