غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) غزہ کی پٹی پر مسلط کردہ محاصرہ توڑنے کے لیے سرگرم عالمی کارکنوں کا کہنا ہے کہ ’’میلوں مسافت کی مسکراہٹ‘‘ نامی قافلہ آئندہ ماہ مئی اوائل میں مصر کے راستے غزہ پہنچے گا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ’’میلوں مسافت کی مسکراہٹ‘‘ قافلےکے چیئرمین عصام یوسف نے بتایا کہ امدادی قافلہ مصر کے راستے رفح گزرگاہ سے غزہ داخل ہوگا، اس حوالے سے مصری حکام سے اجازت لینے کی کوشش جاری ہے۔ توقع ہے کہ مصر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر قافلے کو غزہ داخل ہونے کی راہ میں رکاوٹ نہیں ڈالے گا۔
ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں عصام یوسف کا کہنا تھا کہ جب تک غزہ پر اسرائیل کی طرف سے محاصرہ مسلط ہے عالمی برادری کو اس وقت تک فلسطینیوں کی مدد کے لیے پیش رہنا ہوگا۔
انہوں نے غزہ کے محصورین کے لیے عالمی، اسلامی اور عرب ممالک کی سطح پر جاری کوششوں کو مزید منظم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔