(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) غزہ کے دفترِ اطلاعات نے انکشاف کیا ہے کہ قاتل فوج نے جنگ بندی کے اعلان کے بعد اب تک اسی بار معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے جس کے نتیجے میں کم از کم ستانوے فلسطینی شہید اور دو سو تیس زخمی ہوئے۔
دفترِ اطلاعات کے مطابق قابض اسرائیلی افواج کی یہ خلاف ورزیاں براہِ راست شہریوں پر فائرنگ، بمباری، دانستہ نشانہ بنانے اور متعدد شہریوں کی گرفتاری جیسے سنگین اقدامات پر مشتمل ہیں جو انسانی حقوق اور جنگ بندی معاہدے کی واضح خلاف ورزی ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ حملے غزہ کے تمام علاقوں میں ریکارڈ کیے گئے ہیں جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ سفاک و ظالم افواج نے اپنی جارحانہ پالیسی ترک نہیں کی۔
دفترِ اطلاعاتِ حکومتِ غزہ نے اقوام متحدہ اور معاہدے کے ضمانتی فریقوں سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر مداخلت کریں اور قابض اسرائیل کو جنگ بندی کی پاسداری پر مجبور کریں۔