غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) عالمی اخبارات اور جرائد میں شائع ہونے والی تصاویر میں ایک فلسطینی نوجوان کی تصویر کو پہلی اور سب سے با اثر تصوریر قرار دیا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق یہ تصویر ترکی کے خبر رساں ادارے ’’اناطولیہ‘‘ نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی سے کھینچی تھی۔ اسے 2018ء کی بہترین تصاویر میں ایک قرار دیا گیا ہے۔
اناطولیہ کے فوٹو گرافر مصطفیٰ حسونہ نے غزہ کی پٹی کے محاذ سے لی تھی جسے سال 2018ء کی بہترین تصویر قرار دیا گیا ہے۔ یہ تصویر اس کےبعد برطانوی اخبار ’’دی گارڈین‘‘ امریکا کے ’’دا اٹلانٹک‘‘، فارن پالیسی میگزین اور یورپ کے ’’یورو نیوز‘‘ نے بھی شائع کی اور اسے سال 2018ء کی بہترین تصویر قرار دیا ہے۔
برطانوی اخبار ’’گارڈین‘‘ نے 27 دسمبر کی اشاعت میں فلسطینی نوجوان کی تصویر شائع کی۔ اس تصویرمیں ایک فلسطینی نوجوان کو سینہ نگا کیے اور ہاتھ میں غلیل تھامے اسرائیلی فوجیوں پر کنکریاں پھینکتے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ تصویر 29 اکتوبر کو لی گئی تھی۔
گارڈین میں تصویر کی اشاعت نے پوری دنیا بالخصوص عرب اور مسلمان ممالک میں دھوم مچا دی تھی۔