فلسطینی مزاحمت کاروں نے غزہ کے شمال میں اسرائیلی فوجی ٹھکانے پر حملہ کیا- یہ حملہ صہیونیوں کے مسجد اقصی میں داخل ہونے کے ردعمل میں کیا گیا-
جمہوری محاذ برائے آزادئ فلسطین کے عسکری ونگ قومی مزاحمتی بریگیڈ نے اعلان کیا ہے کہ ان کے مجاہدین کے ایک گروپ نے شمالی غزہ میں بیت حانون کے مغرب میں واقع اسرائیلی فوجی ٹھکانے کو دستی بموں اور دھماکہ خیز مواد سے نشانہ بنایا اور اس پر فائرنگ کی- قومی مزاحمتی بریگیڈ کے بیان کے مطابق یہ حملہ مسجد اقصی کی بے حرمتی کے جواب میں کیا گیا- واضح رہے کہ گزشتہ جمعہ کی صبح کو ڈیڑھ سو کے قریب انتہا پسند یہودیوں نے مسجد اقصی میں داخل ہو کر مذہبی رسومات ادا کیں- ان یہودیوں کو اسرائیلی فوج کا تحفظ حاصل تھا- دوسری جانب اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ کے بیت حانون کے علاقے میں فلسطینی شہریوں کے گھروں پر بمباری کی جس سے املاک کو نقصان پہنچا، البتہ جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی- واضح رہے کہ گزشتہ دو روز میں شمالی غزہ میں فلسطینی شہریوں کے خلاف اسرائیل کی فضائی، بحری اور زمینی جارحانہ کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے جس سے متعدد فلسطینی شہید و زخمی ہوئے ہیں-