فلسطین کے مچھیروں کی تنظیم کے سربراہ نزار عیاش نے کہا ہے کہ غزہ مچھیرے اسرائیلی کارروائیوں اور محاصرے کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
ان مشکلات میں اضافہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب اسرائیل کی جانب سے غزہ کے مچھیروں کے لئے صرف چھ ناٹیکل میل کے شکار کے زون کے علاوہ مصری حکام نے مصر سے غزہ آنے والی سرنگیں تباہ کردیں جس کی وجہ سے غزہ میں پٹرول کی قلت ہوگئی ہے۔
غزہ میں 3700 مچھیرے اور 1500 کشتیاں ہیں، دوسرے انتفاضہ کی شروعات سے لے کر اب تک دس مچھیرے شہید کئے جاچکے ہیں اور 40 زخمی ہوگئے ہیں جبکہ 400 مچھیروں کو حراست میں لیا گیا ہے اور اس کے علاوہ درجنوں کشتیاں بھی ضبط کر لی گئی ہیں۔
عیاش نے بتایا کہ مصری حکام کی جانب سے حراست میں لئے گئے چار مچھیرے ابھی تک رہا نہیں ہوئے ہیں۔ مصری بحریہ نے پچھلے ہفتے کے دوران مصری سرحد کے قریب متعدد فلسطینی کشتیوں پر فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں دو فلسطینی زخمی اور چار کو حراست میں لے لیا گیا۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین