(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) قابض اسرائیلی فوج نے بدھ کے روز غزہ شہر کے مشرقی علاقے پر بمباری کر کے کم از کم دو فلسطینی شہریوں کو شہید کر دیا۔ یہ حملہ غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کی کھلی خلاف ورزی ہے جو قابض اسرائیل کی جارحیت کے تسلسل کو ظاہر کرتا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق قابض اسرائیل کے جنگی طیاروں نے مشرقی غزہ کے الشجاعیہ محلے میں شہریوں کے ایک گروہ کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دو شہری موقع پر ہی جامِ شہادت نوش کر گئے۔ قابض فوج نے خان یونس کے مشرق میں التحلیہ کے علاقے کے اطراف بھی بمباری کی جس سے مکانات اور شہری املاک کو نقصان پہنچا۔
بدھ کی صبح مقامی ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ قابض اسرائیلی افواج نے خان یونس اور رفح کے مشرقی علاقوں سے پندرہ فلسطینی شہریوں کو گرفتار کر لیا۔
اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق نے ایک بیان میں کہا ہے کہ قابض اسرائیلی افواج غزہ میں اپنی دوبارہ تعیناتی کے علاقوں کے اطراف شہریوں کے قتلِ عام کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب غزہ کے مرکز برائے انسانی حقوق نے آج اپنے بیان میں کہا ہے کہ قابض اسرائیلی فوج نے جنگ بندی معاہدے کے آغاز سے اب تک غزہ کی پٹی میں چھتیس مرتبہ خلاف ورزی کی ہے جن کے نتیجے میں ساتھ فلسطینی شہری شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
اس کے فیلڈ عملے نے ریکارڈ کیا کہ قابض اسرائیلی فوج نے جمعہ دس اکتوبر 2025ء دوپہر بارہ بجے جنگ بندی کے آغاز کے بعد سے اب تک چھتیس فضائی و زمینی حملے اور براہِ راست فائرنگ کے واقعات انجام دیے ہیں۔