فلسطینی شہر غزہ کی پٹی کی مشرقی سرحد پر اسرائیلی فوج کی غیرمعمولی نقل وحرکت دیکھی گئی ہے۔ عینی شاہدین اور فیلڈ آبزرویٹروں کے ذرائع کے مطابق سرحد پر اسرائیلی فوج کی بھاری اضافی نفری کے ساتھ ساتھ جنگی سازوسامان کی بھاری مقدار بھی لائی گئی ہے۔
غزہ کے ایک فیلڈ آبزرویٹر نے خبر رساں ایجنسی "قدس پریس” کو بتایا کہ اسرائیلی فوج کی دسیوں گاڑیاں جن میں "میرکافا” ٹینک بھی شامل ہیں پیر کے روز وسطی غزہ اور غزہ کی مشرقی سرحد پر پہنچائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ بھاری تعداد میں اسرائیلی فوج کی نفری بھی ان علاقوں میں دیکھی گئی ہے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ غزہ کے مشرق میں الزیتون کالونی کے قریب "احراش ملکہ” کے مقام پر متمرکز اسرائیلی فوجیوں کا ایک جم غفیر دیکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ جحرالدیک میں پہلے سے موجود اسرائیلی توپخانے اور فوجی اڈے پر بھی قابض فوجیوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی سرحد پر اسرائیلی فوج کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ اور نقل وحرکت ایک ایسے وقت میں دیکھی گئی ہے جب دوسری جانب اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں نے غزہ کی پٹی میں مختلف اہداف پر بمباری کی ہے، جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ فوج کی تعداد اور فضائی حملوں میں اضافے کے بعد غزہ کے شہریوں میں خوف کی لہر دوڑ گئی ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین