اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل کا کہنا ہے کہ قطر ان چند ممالک میں سے ایک ہے جنہوں نے ہمیشہ اور ہر مشکل گھڑی میں فلسطینیوں کی مدد کی ہے۔
قطری بھائیوں نے ہمیشہ اہل فلسطین کے دکھوں کے مداوے کے لیے ان کے زخموں پر مرہم رکھا ہے۔ یہ بیان انہوں نے غزہ سے قطر بھیجے گئے شہداء کے بچوں کے ایک وفد سے دوحہ میں ملاقات کے دوران دیا۔ غزہ سے یہ بچے ایک ہفتہ قبل قطر پہنچے تھے ۔ بچوں نے امیر قطر سے ملاقات بھی کی ہے۔ خالد مشعل نے اس موقع پر کہا کہ میرے اور میرے ساتھ شریک تحریک کے دیگر رہنماؤں کے لیے یہ بڑی سعادت کی بات ہے کہ ہم وطن کی خاطر قربانی دینے والے شہداء کے بچوں سے ملاقات کر رہے ہیں۔ انہو ںنے دو ٹوک انداز میں کہا کہ غزہ فلسطین کا حصہ ہے ۔
خالد مشعل نے شہداء کے بچوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں نے ہی فلسطین کی بہاروں کو برقرار رکھا ہوا ہے، غزہ کو فلسطینی مقاصد کے علم بلند رکھنے کے حوالے سے خاص فضیلت حاصل ہے۔ غزہ کے شہداء کے بدولت ہی آج ہماری عزت و وقار قائم ہے۔ انہوں نے غزہ کی مسلسل مدد کرنے پر امیر قطر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
فلسطینی رہنما نے کہا کہ جب سے میں نے امیر قطر کو جاناہے ان سے خیر کے سوا کوئی کام ہوتے نہیں دیکھا۔ وہ ہمیشہ نیک کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔ چھوٹے اور بڑوں سب کے ساتھ عزت کے ساتھ پیش آتے ہیں۔ اس موقع پر خالد مشعل نے فلسطینی شہداء کے بچوں کو نصیحت کی کہ وہ بھی اپنے والدین کے نقش قدم پر چلیں اور اپنے حقوق کے حصول کے لیے اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھانے کا عزم کریں۔
حماس کے رہنما نے کہا کہ آپ کا مرتبہ شہداء کے بیٹوں کا ہے ، آپ نے اسی راستے پر چلنا ہے حتی کہ آپ کی طرف بھی وہ ہی نسبت ہونے لگے جو آپ کے والدین کی طرف کی جاتی ہے۔ آپ کے آباء و اجداد نے اپنی سرزمین کی خاطر قربانی دی ہے جس پر آپ کو بجا طور پر فخر ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر غزہ کی ثابت قدمی دراصل اس میں بسنے والوں کی ثابت قدمی کا نام ہے۔ غزہ کے پیچھے مغربی کنارا، فلسطین اور عرب اور اسلامی دنیا کھڑی ہے۔ اگر امت نہ ہوتی تو آج غزہ بھی نہ ہوتا۔
پینتالیس بچوں پر مشتمل یہ وفد گزشتہ منگل کے روز قطر پہنچا تھا جہاں اس وفد کی سربراہی امیر قطر کر رہے ہیں۔ وفد چودہ دنوں تک امیر قطر کا مہمان رہے گا۔ وفد میں شریک بچوں کے والدین اسرائیلی حملوں میں شہید یا شدید زخمی ہو چکے ہیں۔ ان بچوں کے والدین سن 2008 کے اواخر میں اسرائیل کی غزہ پر 23 روزہ غارت گری اور نومبر سن 2012 کے بارے میں آٹھ روزہ بمباری میں شہید ہوئے تھے۔
اس موقع پر غزہ کی تعمیر نو کی کمیٹی کے رکن احمد زویدی نے خالد مشعل کو خراج تحسین پیش کیا اور اس ملاقات میں شرکت کرنے پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ قطر غزہ میں بڑے پیمانے پر تعمیر نو کا کام شروع کروانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایسے پروگرام اختیار کیے ہیں جس کے بارے میں تمام فلسطینیوں کو معلوم ہو اور جس کا فائدہ چند افراد نہیں بلکہ پوری غزہ کی پٹی اور سارے فلسطین کو پہنچے۔ انہوں نے کہاکہ قطر مستقبل میں بھی غزہ کی مدد و نصرت جاری رکھے گا۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین