غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی ریاست کے محاصرے کی شکار فلسطینی علاقے غزہ کی پٹی کی ناکہ بندی توڑنے کے لیے سرگرم عالمی کارکنوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے غزہ کی بحری ناکہ بندی توڑنے کے لیے بعض یورپی ممالک کےساتھ مل کر کوششیں شروع کردی ہیں۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق غزہ کی ناکہ بندی توڑنے کے لیے قائم عالمی عوامی کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر عصام یوسف نے ایک پریس بیان میں کہا کہ انہوں نے بعض یورپی ملکوں کےساتھ رابطے کیے تاکہ غزہ کی پٹی کے شہریوں کے لیے رواں سال امدادی قافلے روانہ کیے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی فریڈم فلوٹیلا اتحاد نے آئندہ مئی میں غزہ کی پٹی کے لیے امدادی قافلے روانہ کرنے کا لائحہ عمل تیار کرناشروع کیا ہے۔ مئی سے جولائی کے دوران مختلف ملکوں سے غزہ کو کو بحری قافلے روانہ کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی کے اسپتالوں کو فوری ادویات کی فراہمی کے حوالے سے مصر کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ غزہ کی پٹی میں طبی مسائل کی جان کاری کے لیے ماہرین کے وفود بھی غزہ بھیجے جا رہے ہیں۔