اسرائیلی فوج کے مقرب سمجھے جانے والے عبرانی روزنامہ "یدیعوت احرونوت” کی رپورٹ کے مطابق صہیونی فوج کی جانب سے غزہ کی پٹی میں آپریشن کے حوالے سے جنگی مشقوں کے لیے عسقلان شہرکا انتخاب کیا گیا ہے۔ چونکہ عسقلان بھی غزہ کی پٹی کی طرح ساحلی شہرہے۔ یہی وجہ ہے کہ مشقوں میں اسرائیلی نیوی کے کمانڈوز بھی شرکت کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق جنگی مشقوں میں غزہ کی پٹی کے لیے مختص یونٹوں پر مشتمل بریگیڈ کے ہزاروں اہلکار حصہ لیںگے۔ ان جنگی مشقوں میں فلسطینی شہرمیں کسی بھی تحریک انتفاضہ کی صورت میں شہر پرقبضہ کرنے کے تجربات کیے جائیں گے۔ جنگی مشقوں میں سنہ 1987 ء کے دوران اسرائیلی فوج کے قبضے کی کارروائیوں کو مد نظر رکھا جائے گا جب پہلی فلسطینی تحریک انتفاضہ کے دوران اسرائیل نے اپنی فوجیں غزہ کی پٹی میں داخل کردی تھیں۔