عالم اسلام کی نمائندہ اسلامی تعاون تنظیم”او آئی سی” نے فلسطینی شہر غزہ کی پٹی میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی ہے۔ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل پروفیسر اکمل الدین احسان اوگلو کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی حملے ناقابل برداشت ہیں۔
عالم اسلام فلسطینیوں کو تحفظ فراہم کرنے کےلیے سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات کریں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اوآئی سی کے ریڈیو پر نشر ایک بیان میں پرفیسر اکمل الدین احسان اوگلو کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کے تازہ حملے جارحیت ہیں، جن کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ اسرائٰیلی جارحیت کےخلاف پوری دنیا میں مذمت کی جانی چاہیے۔ کیونکہ یہ حملے فلسطینیوں پر ننگی جارحیت ہی نہیں بلکہ بین الاقوامی اصولوں بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ اسرائیل کے اس نوعیت کے حملوں سے مشرق وسطیٰ مزید عدم استحکام سے دوچار ہو سکتا ہے۔
پروفیسر اکمل الدین احسان اوگلو نے غزہ پر حملوں کو سنگین قرار دیتے ہوئے عالم اسلام سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینیوں کے دفاع اور ان کے تحفظ کے لیے متحد ہوجائیں اور اسرائیلی فوج کو فلسطینی عوام کے خلاف جارحیت سے باز رکھنے کے لیے اس پر دباؤ ڈالیں۔
اوآئی سی کے سربراہ نے اقوام متحدہ کے اداروں سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی پر بھی زور دیا کہ وہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی رکوانے کے لیے ٹھوس کردار ادا کریں۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین