غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین کے لیے قطر کے مندوب اور غزہ کی تعمیر نو کمیٹی کے چیئرمین محمد العمادی نے جنگ زدہ علاقے غزہ کی پٹی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کی قیادت سے غزہ میں انسانی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق قطری سفیر نے غزہ کے دورے کےدوران حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ اور جماعت کی دیگر قیادت سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں غزہ میں امدادی کاموں، انسانی بحران، غزہ کے عوام کو درپیش معاشی مشکلات اور ان کے حل کے طریقہ کار پر بات چیت کی گئی۔
گذشتہ روز قطری سفیر ’’بیت حانون‘‘ گذرگاہ سے غزہ داخل ہوئے۔ انہوں نے غزہ کی پٹی میں قطر کے تعاون سے جاری ترقیاتی اور تعمیراتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا۔
خیال رہے کہ قطر نے غزہ کی پٹی میں چھ ماہ کے لیے 10 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ ان میں سے نو کروڑ ڈالر کی رقم صرف کی جاچکی ہے۔