غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین کے محصور علاقے غزہ میں وزارت صحت نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل اور فلسطینی اتھارٹی کی طرف سےعائد کردہ پابندیوں کے باعث غزہ میں شیر خوار بچوں کے لیے دودھ کا اسٹاک ختم ہوگیا ہے جس کے باعث سیکڑوں بچوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق غزہ میں وزارت صحت کے عہدیدار راغب ورش آغا نے ایک بیان میں کہا کہ غزہ کی ڈسپنسریوں میں شیرخوار بچوں کےدودھ کی تمام اقسام ختم ہوچکی ہیں اور غزہ کے باہر سے دودھ کی سپلائی معطل ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں بچوں کے امراض کی بنیادی استعمال کی ادویات بھی کی مقدار بھی صفر تک جا پہنچی ہے۔
راغب آغا کا کہنا تھا کہ دودھ کی قلت کے باعث غزہ میں شیرخوار بچوں کو نہ صرف خوراک کی قلت کا سامنا ہے بلکہ بچے امراض کا شکار ہو رہے ہیں۔
خیال رہے کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیل اور فلسطینی اتھارٹی کی طرف سےمعاشی پابندیاں عائد کی گئی ہیں جن کے باعث غزہ کےعوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔