فلسطینی شہر غزہ کی پٹی میں اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے ملٹری ونگ عزالدین القسام شہید بریگیڈ کے مختلف مراکز پر اسرائیلی فوج نے بمباری کی ہے تاہم آخری اطلاعات آنے تک کسی قسم کے جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوسکی۔
تاہم بمباری کے نتیجے میں ایک بجلی گھر اور کھیتوں میں کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے نامہ نگاروں کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب اسرائیل کے ایف16 جنگی طیاروں نے غزہ میں القسام بریگیڈ کے مختلف مراکز پر بمباری کی۔
فلسطینی سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج کا داغا گیا ایک میزائل جنوبی غزہ میں القسام بریگیڈ کے "البدر” کیمپ پر گرا ہے تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ادھر ساحلی علاقے الزوائدہ پر اسرائیلی فوج نے تین فضائی حملے کیے ہیں۔ رات گئے کیے گئے حملوں میں متعدد مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ چند روز قبل ساحلی علاقے میں اسرائیلی فوج نے ایک میزائل حملے میں مکان تباہ کردیا تھا جس کے بعد ملبے کا ڈھیر بننے والے مکان کے اوپر اسرائیلی فوج کے ہیلی کاپٹروں اور جنگی طیاروں کی نچلی پروازیں مسلسل جاری ہیں جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
اسرائیل کے تین میزائل حملوں میں ایک مکان تباہ اور متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے تھے۔ ادھر غزہ کے وسط میں النصیرات پناہ گزین کیمپ کے قریب اسرائیلی فوج کے میزائل حملے کے نتیجے میں فصلیں تباہ ہوگئیں۔ یہ فصلیں درویش نامی فلسطینی خاندان کی ملکیت بتائی جاتی ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے پی آئی سی کے نامہ نگار کو بتایا کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں ایک بجلی گھر کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں بجلی گھر کی میشنری بری طرح تباہ ہوگئی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق جائے وقوعہ سے آگ کے شعلے اور دھواں بلند ہوتا رہا ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین