غزہ کی فلسطینی حکومت کے ترجمان طاہر نونو نے مغربی کنارے کی حکمران جماعت فتح کے رہنما عزام الاحمد کی جانب سے غزہ کے محاصرے کے انکار پر مشتمل بیان کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ فتح غزہ کے محاصرے کا خاتمہ نہیں چاہتی۔ ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کو موصول ہونے والے طاہر نونو کے بیان میں کہا گیا کہ ہم اس تنظیمی تعصب پر مشتمل بیان سے متاثر ہوئے بغیر قومی مفاہمت جیسے اعلی مقاصد کی جانب متوجہ رہینگے۔
ان کا کہنا تھا کہ غزہ کی حکومت ووٹوں کی بنیاد پر قائم ہے اسے اسرائیلی حمایت کی کوئی ضرورت نہیں، انہوں نے مصری قیادت سے فی الفور غزہ کا محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ غزہ کا محاصرہ جاری رکھنے کی کسی بھی ترغیب چاہے وہ کسی بھی صورت میں ہو اسے مسترد کیا جاتا رہے گا۔ یاد رہے کہ فتح کے رہنما عزام نے اپنے ایک اخباری بیان میں کہا تھا کہ حقیقت میں غزہ کے محاصرے کا کوئی وجود نہیں اور یہ بات حماس اور مصر اچھی طرح جانتے ہیں، بلکہ مصر اور غزہ کے درمیان سرنگوں کی موجودگی مصر، اسرائیل اور حماس کے مابین غیر دستخط شدہ مفاہمت کو ظاہر کر رہی ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین