فلسطینی شہر غزہ کی پٹی سے اسرائیلی تنصیبات پر راکٹ حملوں کی رینج میں اضافے اور اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب کو نشانہ بنائے جانے کے بعد یہودیوں میں سخت خوف ہراس پایا جا رہا ہے۔
مزاحمت کاروں نے سنہ 1991ء کےبعد سے بائیس سال میں پہلی مرتبہ تل ابیب کو اپنے راکٹ حملوں کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔
جمعرات کے روز حماس کے ملٹری ونگ عزالدین القسام بریگیڈ کی جانب سے داغے گئے کئی الفجر میزائل تل ابیب میں گرے جس کے بعد شہر میں خوف وہراس اور سراسیمگی کی کیفیت پائی جاتی ہے۔ یہودی زیرزمین بنکروں اور محفوظ پناہ گاہوں میں چلے گئے ہیں۔ ادھر غزہ کی پٹی سے مرکز اطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کےمطابق مجاہدین نے اسرائیلی فوج کا ایک ڈرون طیارہ مار گرایا ہے۔
اسرائیلی اخبارات نے فلسطینی مزاحمت کاروں کے تل ابیب پر حملے کی بڑے پیمانے پر کوریج کی ہے۔ اخبار یدیعوت احرونوت کی ویب سائیٹ ’’وائی نیٹ‘‘ کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کے روز ہکریا کے مقام پر وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو ایک اعلیٰ سطحی فوجی میٹنگ کی صدارت کر رہے تھے کہ ان کے قریب ہی فلسطینیوں کے داغے گئے الفجر راکٹ گرے، جس کے بعد انہوں نے اجلاس ملتوی کیا اور زیرزمین پناہ گاہوں اور بنکروں میں جانے پر مجبور ہو گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق فلسطینی مزاحمت کاروں کے راکٹ حملوں کے بعد یہودی آباد کاروں کی بڑی تعداد گھروں سے فرار ہوتے اور محفوظ مقامات کی جانب جاتے دیکھی گئی ہے۔ راکٹ حملوں کے نتیجے میں بدھ کے روز تین یہودی آباد کار ہلاک بھی ہو گئے تھے جبکہ جمعرات کے روز الفجر راکٹ حملوں کے نتیجے میں کئی یہودی آباد کاروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
درایں اثناء غزہ کی پٹی میں حماس کے ملٹری ونگ القسام بریگیڈ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مجاہدین نے اسرائیل کا ایک ڈرون طیارہ مارگرایا ہے۔ یہ ڈرون طیارہ جمعرات کی شام غزہ کی پٹی میں نچلی پرواز پرتھا جسے مار گرایا گیا۔ القسام بریگیڈ کے مطابق مجاہدین نے اسرائیلی فوج کے بمباری کرنے والے ایک اپاچلی ہیلی کاپٹر پربھی فائرنگ کی ہے، جسے جزوی نقصان پہنچا ہے۔ مجاہدین کی فائرنگ کے بعد صہیونی جنگی ہیلی کاپٹر واپس چلا گیا۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کے بری توپخانے، ایف سولہ طیاروں اور ٹینکوں کے ذریعے بمباری کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں غزہ کی پٹی میں کئی مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ صہیونی جارحیت میں مزید چار شہریوں کے شہید ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین