اسرائیلی فوج نے فلسطینی ساحلی شہرغزہ کی پٹی میں شہداء کے جنازے کےجلوس پر ٹینکوں کے ذریعے گولہ باری کی ہے جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگاروں کے مطابق صہیونی فوج نے جمعرات کے روز شہر کے مشرق میں فلسطینیوں کے جلوس پر اس وقت فائرنگ کی جب وے شہداء کی میتوں کوشہداء قبرستان میں تدفین کے لیے لے جا رہے تھے۔ صہیونی فوج کے داغے گئے کئی گولے جنازے کے جلوسوں کے قریب گرے، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو مقامی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے ، ان میں سے ایک شخص کی حالت خطرے میں بیان کی جاتی ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ وہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شہد غزہ کی پٹی میں البریج مہاجر کیمپ پر صہیونی فوج کی گولہ باری سے شہید ہونے والے افراد کی میتوں کو تدفین کے لئے لے جا رہے تھے کہ اس دوران قابض فوج کے ٹینکوں نے ان پر حملہ کردیا۔ حملے میں زیادہ نقصان نہیں ہوا تاہم متعدد افراد مارٹر گولوں کے شیل لگنے سے زخمی ہوئے ہیں۔ خیال رہے کہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب قابض صہیونی فوج نے غزہ کی پٹی میں مختلف مقامات پر بمباری کرکے کم سے کم چھ فلسطینیوں کو شہید اور ایک درجن سے زائد کو زخمی کر دیا تھا۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین