(روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ)اسرائیل کے لڑاکا طیاروں نے غزہ میں اسلامی تحریک مزاحمت "حماس“ کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے- اسرائیل دعویٰ کرتا ہے کہ اس نے یہ کارروائی غزہ سے مبینہ راکٹ حملوں کے جواب میں کی ہے-
ایک فوجی بیان کے مطابق اسرائیلی لڑاکا طیارے نے غزہ میں حماس کے ایک ٹھکانے پر بنکرز کو نشانہ بنایا۔ اسرائیلی فوج کے مطابق یہ حملہ غزہ سے جمعرات کو علی الصباح کئے گئے راکٹ حملے کا ردعمل تھا۔
اس سے قبل بدھ کے روز اسرائیلی فوج نے غزہ سے آتشی غبارے مقبوضہ علاقوں میں چھوڑنے کی پاداش میں غزہ کی بحری حدود ماہی گیری کے لئے مکمل طور پر بند کر دی گئی تھی۔
اسرائیلی فائر بریگیڈ حکام کے مطابق منگل کے روز غزہ سے اڑائے آتشی غباروں کی وجہ سے سات مقامات پر آگ لگ گئی تھی۔
اس سے قبل اسرائیلی فوج نے 4 جون کو ماہی گیروں کے لئے غزہ کی بحری حدود کو 15 میل تک بڑھا دیا تھا مگر اب انہوں نے اپنے فیصلے کو واپس لے لیا۔