(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) قابض اسرائیلی فوج نے جمعرات کو غزہ کی پٹی سے تعلق رکھنے والے متعدد اسیران کو شمال مشرقی خان یونس میں واقع کسوفیم فوجی چوکی کے راستے رہا کر دیا۔
قابض فوج نے غزہ کے دس اسیران کو کسوفیم گیٹ کے ذریعے رہا کیا جنہیں بعد ازاں دیر البلح کے شہداء الاقصی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق رہائی پانے والے اسیران میں؛
عاصم خالد ابراہیم الصوفی (ستائیس سال)، مرزوق حسن مرزوق البیوک (پینتالیس سال)، عطا اللہ عمرو شعبان (چھتیس سال)، روحی محمد خلیل سلطان (اکاون سال)، سفیان حسن ابراہیم الشاعر (انیس سال)، مجدی جمال خالد نبهان (چھتیس سال)، محمد احمد کمال نعیم (سترہ سال)، مہند حسن سلیم شلایل (تیس سال)، عماد الدین محمود دردونہ (چالیس سال) اور ابراہیم محمود جمیل دردونہ (پینتا لیس سال) شامل ہیں۔ ان تمام افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ رہائی کے بعد ان کی حالت ناگفتہ بہ تھی کیونکہ مجرمانہ تشدد اور مسلسل بھوکا پیاسا رکھنے سے ان کے جسم ہڈیوں کے ڈھانچے بن چکے تھے۔
واضح رہے کہ قابض اسرائیلی فوج نے ساتھ اکتوبر 2023ء سے غزہ پر اپنی نسل کش جنگ مسلط کر رکھی ہے جو زمین، سمندر اور فضا تینوں سے جاری ہے۔ اس درندگی میں اب تک باسٹھ ہزار ایک سو بیانوےفلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں اکثریت عورتوں اور بچوں کی ہے۔ ایک لاکھ ستاون ہزار ایک سو چودہ سے زائد زخمی ہیں جبکہ ہزاروں کی لاشیں ملبے تلے دبی ہوئی ہیں جنہیں اب تک نکالا نہیں جا سکا۔ یہ اعداد و شمار تاحال غیر حتمی ہیں۔