اسرائیلی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کے وسط میں المغازی پناہ گزین کیمپ کے قریب واقع اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈی کے مراکز پربمباری کی ہے۔
غزہ سے نامہ نگارکے مطابق اسرائیل کے ایک ایف 16 طیارے نے القسام کے بریگیڈی 13 پر کم سے کم ایک میزائل حملہ کیا ہے تاہم اس میں کسی قسم کے جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوسکی۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملے کا ہدف بننے والی عمارت سے دھوئیں کے بادل بلند ہوتے دیکھے گئے ہیں۔ فلسطینی پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ سوموار کے روز غزہ کی پٹی سے جنوبی فلسطین کے جزیرہ نما النقب میں راکٹ حملہ کیا گیا تھا۔ غزہ کی پٹی پر بمباری اسی راکٹ حملے کا رد عمل ہے۔ تاہم غزہ کی پٹی سے کسی تنظیم کی جانب سے راکٹ حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔