فلسطینی انرجی اتھارٹی کاکہنا ہے کہ غزہ کا بجلی گھر اپنے چار نئے الیکٹریکل اڈاپٹرز کی تنصیب کے بعد مئی میں اپنی پوری استعداد پر کام کرنا شروع کردے گا۔ محکمہ انرجی اور توانائی نے بتایا کہ اس منصوبے پر عمل کے لیے فنڈز اسلامک ڈویلپمنٹ بنک، اقوام متحدہ ترقیاتی پروگرام نے فراہم کیے ہیں۔
بدھ کے روز ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کو موصول ہونے والے انرجی اتھارٹی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ان چاروں اڈاپٹرز کی انسٹالیشن کے بعد غزہ کا بجلی گھر 120 میگاواٹ بجلی کی پیدائش شروع کردے گا۔ سنہ 2006ء کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا کہ بجلی گھر اپنی پوری استعداد پر کام کرتے ہوئے اتنی مقدار میں بجلی فراہم کرے گا۔
اس موقع پر فلسطینی انرجی و قدرتی وسائل کے محکمے نے خصوصی طور پر اسلامی ترقیاتی بنک کا شکریہ ادا کیا جس کی معاونت سے مصائب میں گھرے فلسطینیوں کی مشکلات میں کمی کے واضح امکانات پیدا ہو گئے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین