اسرائیل کی جانب سے غزہ پر وقفے وقفے سے بمباری مسلسل تیسرے روز بھی جاری ہے۔ آج صہیونی لڑاکا طیاروں نے غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں پر آٹھ مرتبہ حملہ کرکے مزید چار فلسطینیوں کو زخمی کردیا،
حملوں میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔ یاد رہے کہ پیر کے روز سے اسرائیلی حملوں میں اب تک آٹھ افراد شہید اور بیس کے قریب زخمی ہو چکے ہیں۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے نمائندے نے بتایا کہ اسرائیلی طیاروں کے ایک حملے میں غزہ کی شجاعیہ کالونی پر کو نشانہ بنایا گیا جس کی زد میں آکر چند افراد زخمی ہوئے۔ اسی دوران غزہ کے جنوبی شہررفح پر بمباری کی گئی جس سے ایک شہری شدید زخمی ہوگیا۔ فلسطینی میڈیکل سروسز کے ترجمان ادھم ابو سلمیہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی طیاروں نے زیتون کالونی پر تازہ بمباری کی جس میں ایک شخص زخمی ہو گیا، حملے کا ہدف غزہ کے شمال مغربی علاقے میں بحری پولیس کا ایک مرکز تھا۔
اس حملے کے تھوڑی ہی دیر بعد صہیونی طیاروں نے اسی کالونی میں ایک کار کو نشانہ بنایا جو مرکزی شاہراہ کے قریب زرعی اراضی میں کھڑی تھی۔ اس حملے میں ایک مکان مکمل طور پر تباہ ہوگیا جس کے سبب شاہراہ بھی بند کردی گئی۔ ہمارے نمائندے نے بتایا کہ رفح کے شمال مغربی علاقے میں القسام بریگیڈ کے ایک مرکز پر دو راکٹ داغے گئے ہیں۔ اسی طرح غزہ کی پٹی کے وسطی شہر میں بھی دو مقامات پر بمباری کی گئی تاہم ان حملوں میں کوئی فلسطینی زخمی نہیں ہوا۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین