اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے حماس کے زیر انتظام غزہ کی پٹی پر خوفناک بمباری کی ہے جس کی زد میں آ کر پانچ فلسطینی زخمی ہو گئے۔ ادھر غزہ کی پٹی کے مشرقی ساحل پر صہیونی بحریہ نے چار ماہی گیروں کو گرفتار کر لیا ہے۔
مقامی ذرائع نے ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کو بتایا کہ صہیونی لڑاکا طیاروں نے غزہ کے جنوبی شہر رفح کے علاقے العدس پر راکٹ برسائے جس سے ایک ورکشاپ مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور اطراف میں آگ لگ گئی، اس بمباری میں کم از کم پانچ افراد زخمی ہوئے
ذرائع نے بتایا کہ صہیونی گولہ باری کے بعد فلسطینی میڈیکل اینڈ ایمرجنسی سروسز کا عملہ فوری موقع پر پہنچ گیا اور امدادی سرگرمیاں شروع کردیں۔ میڈیکل سروسز کے مطابق پانچ زخمی ہونے والوں میں ایک خاتون اور اس کا بچہ بھی شامل ہے۔
صہیونی فضائیہ نے غزہ شہر کی زیتون کالونی میں حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ایک مرکز کو بھی نشانہ بنایا۔ شہر کی جنوب مغربی زیتون کالونی میں مرکز ’’بدر‘‘ پر خوفناک گولہ باری کی گئی۔ تاہم اس میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔ دوسری جانب اسرائیلی بحریہ کے اہلکاروں نے رات گئے غزہ کے ساحل پر اسرائیلی بحریہ کی کشتیوں نے ایک کارروائی کرتے ہوئے مچھلیوں کے شکار میں مصروف چار فلسطینی ماہی گیروں کو حراست میں لے لیا۔ ذرائع نے بتایا کہ صہیونی بحریہ کے اہلکاروں نے فلسطینی ماہی گیروں پر فائرنگ کرکے زبردستی رکنے پر مجبور کیا، اور ماہی گیروں کی کشتی پر سوار چاروں افراد کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ہونے والوں میں اشرف سعد اللہ، محمد سعد اللہ، محمود مطر اور محمد السوری شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق اسرائیلی اہلکاروں نے ماہی گیروں کی کشتی بھی قبضے میں لے لی ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین