فلسطینی شہرغزہ کی پٹی میں صہیونی فوج کی اتوار کے روز کی گئی بمباری میں زخمی ایک شہری اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کرگیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نے بتایا کہ اتوار کی شام رفح کے قریب صہیونی فوج کے جنگی جہازوں میں زخمی ہونے والے دس افراد میں سے ایک اسپتال میں دم توڑ گیا۔ دیگر زخمیوں میں سے دو کی حالت بدستور کشیدہ ہے۔
خیال رہے کہ قابض اسرائیلی فوج کے ایف سولہ طیاروں نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب غزہ کے جنوبی علاقے رفح میں ایک موٹرسائیکل پرحملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں دو موٹرسائیکل سواروں سمیت دس افراد زخمی ہوگئے تھے۔ زخمیوں میں پانچ اسکول کے بچے اور ایک شیرخواربھی شامل تھا۔ اسرائیلی فوج نے خود ہی اس حملے کو’’ٹارگٹڈ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ حملے میں دو فلسطینی مزاحمت کاروں کو نشانہ بنایا تھا۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین