فلسطینی محصور شہرغزہ کی پٹی کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیل کی جانب روکے گئے قطر سے آئے آئل ٹینکروں کو غزہ کی پٹی میں داخلے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
ان ٹرکوں کو بدھ کے روز مقبوضہ فلسطین اور غزہ کے درمیان کرم ابو سالم کی گذرگاہ سے شہرمیں داخلے کی اجازت دی گئی۔
غزہ میں گڈز ٹرانسپورٹ کے انچارج رائد فتوح نے میڈیا کو بتایا کہ اسرائیل نے بدھ کے روز قطر سے تیل لے کرآنے والے کئی آئل ٹینکروں کو غزہ کی پٹی میں داخلے کی اجازت دی جو پہلے مرحلے میں غزہ کے پاور اسٹیشن کے لیے 13 لاکھ 500 لٹر خام تیل لائے ہیں۔ رائد الفتوح کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب روکے گئے سامان سے لدے 260 دیگر ٹرکوں کو بھی غزہ کی پٹی میں داخلے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ ان ٹرکوں پر سبزیاں ، زراعت اور مواصلات کا سامان تھا۔ فلسطینی عہدیدار کا کہنا تھا کہ بدھ کے روز غزہ آنے والے ٹرکوں میں تیس جدید گاڑیاں، بارہ ٹرکوں پر سیمنٹ، بیس پر لوہا اور اڑتالیس ٹرکوں پر واٹرسپلائی کا سامان اور گیس کے شعبے میں استعمال ہونے والے آلات لائے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ منگل کے روز صہیونی حکومت نے 267 ٹرکوں کو غزہ کی پٹی میں داخلے کی اجازت دی گئی تھی۔ان میں زراعت اور تجارت کے شعبوں سے متعلق سامان لادا گیا تھا۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین