غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) غزہ کی پٹی میں چند ہفتے قبل اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا فلسطینی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگیا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق 33 سالہ انور محمد قدیح چند ہفتے قبل غزہ کی پٹی کی مشرقی سرحد پر ہونے والے ایک احتجاجی مظاہرے کے دوران اسرائیلی فوج کی وحشیانہ فائرنگ سے زخمی ہو گیا تھا۔
فلسطینی محکمہ صحت کے مطابق انور محمد قدیح کی گردن میں گولی لگی تھی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا تھا۔ اسے شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ گذشتہ شام کو دم توڑ گیا۔
خیال رہے کہ 30 مارچ 2018ء سے غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں نے غزہ کی ناکہ بندی کے خاتمے اور حق واپسی کے لیے تحریک شروع کر رکھی ہے۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے فلسطینیوں کی اس تحریک کے خلاف طاقت کا استعمال کیا جس میں اب تک 260 فلسطینی شہید اور 25 ہزار زخمی ہوچکے ہیں۔