غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں دو فلسطینی گروپوں کے مبیّنہ ٹھکانوں پر ہفتے کے روز فضائی حملے کیے ہیں ۔اس نے ان پر الزام عائد کیا ہے کہ انھوں نے اسرائیل کی جانب غبارہ بم اڑائے تھے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ فوجیوں نے غزہ کی پٹی کے جنوبی علاقے سے اسرائیلی علاقے کی جانب دھماکا خیز مواد کے غبارے چھوڑنے والے ایک دہشت گرد ( فلسطینی مزاحمت کار) اسکواڈ کا سراغ لگا لیا تھا۔اس کے ردعمل میں ایک لڑاکا جیٹ نے ان کی جانب بم چلائے ہیں‘‘۔
اسرائیلی فوج نے ایک اور بیان میں کہا ہے کہ ایک طیارے نے ایک اور ’’ دہشت گرد اسکواڈ‘‘ کو اپنے حملے میں نشانہ بنایا ہے۔تاہم فوج نے اس امر کی تصدیق نہیں کی ہے کہ آیا اس نے اپنے ’’ اہداف‘‘ کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بنایا ہے۔البتہ فلسطین کے ایک سکیورٹی ذریعے نے کہا ہے کہ پہلے حملے میں دو افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ اہلِ غزہ جد ید اسلحے سے لیس صہیونی فوج کے مقابلے میں آتش گیر مواد والے غبارے یا پتنگیں اسرائیلی علاقوں کی جانب اڑاتے رہتے ہیں ۔ان کے پھٹنے سے کھیتوں میں کھڑی فصلوں کو آگ لگ جاتی ہے یا عمارتوں کو نقصان پہنچتا ہے۔اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ ایسے ہر حملے کا جواب دے گا۔
واضح رہے کہ گذشتہ ایک سال کے دوران میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے فضائی حملوں میں 257 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔اس عرصے میں فلسطینیوں کے ساتھ جھڑپوں میں دو اسرائیلی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔جمعہ کو سرحدی علاقے میں مظاہرین پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے دو الگ الگ واقعات میں دو فلسطینی شہید ہوگئے تھے۔