غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی سرحد سے دو فلسطینی شہریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فوج نے شمالی غزہ کی سرحد پر سرحدی باڑ کو عبور کرتے ہوئے سنہ 1948ء کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں داخلے کی کوشش پر دو فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عبرانی ویب سائیٹ ’’حدشوت 24‘‘کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دو غیر مسلح فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا۔ دونوں فلسطینیوں کو تفتیش کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
عبرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ سرحد پر پٹرولنگ کے دوران فلسطینی مزاحمت کاروں کی طرف سے دیسی ساختہ دستی بموں سے حملہ کیا گیا تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج غزہ اور سنہ 1948ء کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں نے اور جانے والے فلسطینیوں کو حراست میں لے لیتی ہے۔ غزہ کے شہری روزگار کی تلاش کے لیے سنہ 1948ء علاقوں میں جاتے ہیں مگر اسرائیلی فوج ان پر دراندازی کا الزام عائد کرکے انہیں گرفتار کر لیتی ہے۔