مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی ریاست نے محصور فلسطینی علاقےغزہ کی پٹی کے عوام کو قطر کی طرف سے دی جانے والی مالی امداد روک دی ہے جس کے نتیجے میں غزہ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی متاثر ہوئی ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عبرانی ٹی وی 20 کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے قطر کی طرف سے دی جانے والی امداد کی تیسری قسط منجمد کرتے ہوئے اس کی غزہ کو جاری کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔اسرائیلی حکومت کی طرف سے یہ اقدام ایک ایسے وقت میں کیا گیا جبکہ دوسری جانب غزہ کی پٹی پراحتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے ۔
خیال رہے کہ غزہ کی پٹی کو قطر کی طرف سے ملازمین کی تنخواہوں کی مد میں ڈیڑھ کروڑ ڈالر کی رقم ادا کی جاتی ہے۔ اس کےعلاوہ قطر کی طرف سے غزہ کے محصوررین اور غریب شہریوں کے لیے مالی امداد فراہم کی جاتی ہے۔ یہ امداد اسرائیل کے توسط سے غزہ تک پہنچائی جاتی ہے۔