غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین میں انسانی حقوق کی تنظیموں نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی زندانوں میں پابند سلاسل فلسطینیوں کو غیرمعیاری خوراک دی جاتی ہے جس کے نتیجے میں قیدی خطرناک امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی اسیران اسٹڈی سینٹرکے ڈائریکٹر ڈاکٹر رافت حمدونہ نے ایک بیان میں بتایا کہ اسرائیلی جیلوں میں فلسطینی قیدیوں کو جو خوراک دی جاتی ہے وہ عالمی معیار پر پورا نہیں اترتی۔ قیدیوں کو کھانے میں دیا جانے والا گوشت، پھل اور سبزیاں مضر صحت ہوتی ہیں جس کے نتیجے میں قیدی بیمار پڑنے لگتے ہیں۔
حمدونہ نے کہا کہ سنگین الزامات کے تحت قید کیے گئے فلسطینیوں کو یہودی مجرموں کے آگے سے بچا کھانا کھلایا جاتا ہے۔ قیدیوں کو دی جانے والی خوراک پروٹین سے خالی ہوتی ہے۔ کھانے میں پروتین کی مقدار 35 گرام روزانہ سے زیادہ نہیں ہوتی۔
حمدونہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی جیلر فلسطینی قیدیوں کو نہ صرف مضر صحت خوراک دیتے ہیں بلکہ انہیں گندے برتنوں میں کھانا دیا جاتا ہے۔ پہلے ان برتنوں میں یہودی قیدیوں کو کھانا دیا جاتا ہے۔ اس کے بعد انہیں دھوئے بغیر ہی فلسطینی قیدیوں کو دیا جاتا ہے۔
انہوں نے اسیران کے حقوق کے لیے کام کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی جیلوں مین قیدیوں کے ساتھ ہونے والی بدسلوکی اور غیرمعیاری خوراک کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔