اسرائیلی فوج نے جمعہ کو عل الصباح فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کے وسطی علاقے خان یونس میں نہتے شہریوں پر مشین گنوں سے اندھا دھند فائرنگ کی تاہم اس کے نتیجے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں مل سکی ہے۔
رپورٹ کے مطابق شمال مشرقی خان یونس میں القرار کے مقام کے قریب کوسوفیم فوجی کیمپ میں متمرکز صہیونی فوجیوں نے فلسطینی شہریوں کے گھروں پر مشین گنوں سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد مکانوں کو نقصان پہنچا۔ فائرنگ کی آوازیں سن کر شہری گھروں میں دبک کر رہ گئے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے متعدد بچے اور خواتین خوف کا شکار ہیں تاہم فائرنگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
ادھر وسطی غزہ کی پٹی میں دیر البلح کے مقام پر اسرائیلی فوجیوں نے خفیہ کیمروں سے لیس غبارے فضاء میں چھوڑے۔ ان غباروں کا مقصد علاقے کی جاسوسی کرنا اور شہریوں کی نقل وحرکت پر نظر رکھنا ہے۔